چین: کورونا سے متعلق خبر بریک کرنیوالی خاتون صحافی کو 4 سال قید کی سزا سنا دی گئی

Published On 28 December,2020 04:56 pm

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین میں کورونا سے متعلق خبریں سامنے لانے اور سست ردعمل پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانے والی صحافی ژانگ ژان کو 4 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق 37 سالہ خاتون ژانگ ژان کو 4 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے، خاتون صحافی پر اپنی خبروں کے ذریعے تنازعات کو ہوا دینے اور بدامنی پیدا کرنے کا الزام تھا۔ انہوں نے گزشتہ برس فروری میں ہی ایک پُراسرار وائرس کے پھیلاؤ کا انکشاف کیا تھا اور ان کی تحقیقاتی رپورٹس سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوئی تھیں جن میں حکومتی سست ردعمل پر کڑی تنقید کی گئی تھی۔

رواں برس مئی میں صحافی کو حراست میں بھی لے لیا گیا تھا۔ دوران حراست خاتون صحافی نے تادم مرگ بھوک ہڑتال بھی کی تھی تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے عدالت کے حکم پر صحافی کو میڈیکل ٹیوب لگا کر زبردستی کھانا دیا جاتا تھا۔

ووہان میں پُراسرار وائرس کے پھیلاؤ سے متعلق سوشل میڈیا پر سب سے پہلے اطلاع دینے والے ڈاکٹر کو بھی پولیس نے گزشتہ برس حراست میں لے لیا تھا تاہم بعد میں رہا کردیا تھا اور بدقسمتی سے وہ بھی کورونا کا شکار ہو کر اپنی جان کی بازی ہار گئے تھے۔
 

Advertisement