کراچی: (دنیا نیوز) سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے اندرون وبیرون ملک پروازوں سے متعلق نئی ایس او پیز جاری کر دیے ہیں۔ سی اے اے کی جانب سے نئے ایس او پیز 31 مارچ 2021ء تک نافذ العمل رہیں گے۔
کیٹیگری اے میں شامل 24 ممالک کے مسافروں کو کورونا ٹیسٹ رپورٹ سے مستشنیٰ ہونگے۔ کیٹیگری بی اور سی کے مسافروں کو سفر سے 96 گھنٹے قبل کورونا ٹیسٹ رپورٹ پیش کرنا ہوگی۔
کیٹیگری سی ممالک کے مسافروں کو پاکستان آمد پر ایک اور ٹیسٹ کرنا لازمی ہوگا۔ ایس او پیز کا اطلاق تمام چارٹرڈ پروازوں سمیت نجی طیاروں پر یکساں ہوگا۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے تمام ایئرلائنز، ایئرکرافٹ آپریٹرز، گراؤنڈ ہینڈلنگ ایجنٹس ایس او پیز پرعمل کریں۔
نئی ایس او پیز پر عمل کروانے تمام ملکی آپریشنل ایئرپورٹس منیجرزکی ذمہ داری ہوگی۔ ڈومیسٹک پروازوں پر اشیائے خورونوش کی فراہمی پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔ تمام ایئرپورٹس پر مسافروں کے لیے ہر قسم کے پروٹوکول پر پابندی برقرار رہے گی۔
ایس او پیز کے مطابق مسافروں کو صرف روانگی لاؤنج کے سامنے ڈراپ کیا جا سکے گا۔ پرواز کی روانگی سے قبل طیاروں کو جراثیم کش سپرے سے ڈس انفیکٹ کیا جائے گا۔
فضائی میزبان پی پی ای کٹس، سرجیکل ماسک اور دستانوں کا استعمال لازمی کریں گے۔ مسافروں کے طیارے میں داخلے سے قبل محکمہ صحت کے اہلکار مسافروں کو چیک کریں گے۔
انٹرنیشنل پرواز کے مسافروں سے ہیلتھ ڈیکلریشن فارم پُر کروانا متعلقہ ایئرلائن کی ذمہ داری ہوگی۔ طیاروں میں مسافروں کو سماجی فاصلے کے مطابق ایک سیٹ چھوڑ کر بٹھایا جائے گا۔
سفر کرنے والے مسافروں کو کھانے کے علاوہ دوران پرواز سرجیکل ماسک لازمی پہننا ہوگا۔ واش روم استعمال کرنے کے بعد فضائی میزبان ڈس انفیکشن سپرے لازمی کرے گا، پاکستان آنے والے جہاز میں جراثیم کش سپرے کرنا لازمی ہوگا۔