سانحہ مچھ: بلوچستان حکومت کا غفلت کے مرتکب محکموں کیخلاف تحقیقات کا فیصلہ

Published On 07 January,2021 05:24 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان حکومت نے سانحہ مچھ کا نوٹس لیتے ہوئے غفلت کے مرتکب محکموں کیخلاف تحقیقات کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ اہم فیصلہ وزیراعلیٰ جام کمال کے زیر صدارت اہم اجلاس میں کیا گیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سردار جام کمال کے زیر صدارت اجلاس میں چیف سیکرٹری نے انھیں مچھ سانحۃ پر بریفنگ دی۔ جام کمال نے واقعے کی تفتیش کیلئے جوائنٹ انویسٹی گیشن کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کر دی ہے۔

تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ جام کمال کے زیر صدارت صوبے میں امن وامان سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں چیف سیکریٹری بلوچستان کی سانحہ مچھ کی بعد کی صورتحال اور ہزارہ برادری کے دھرنے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ سانحہ مچھ میں جاں بحق ہونے والے 7 مزدور افغان شہری ہیں، ان میں سے 3 افغان شہریوں کی میتوں کی حوالگی کیلئے افغانستان کی حکومت نے حکومت پاکستان سے رابطہ کیا ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ سانحہ مچھ میں غفلت برتنے والے تمام محکموں کیخلاف تحقیقات اور کارروائی کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے واقعے کی تفتیش کیلئے فوری طور پر جوائنٹ انویسٹی گیشن کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سردار جام کمال نے کول فیلڈ میں کام کرنے والے مزدوروں کا محکمہ مائنز اور لیبر کی جانب سے مناسب ڈیٹا مرتب نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار بھی کیا۔
 

Advertisement