‘’راست’’ نظام کا اجرا ڈیجیٹل پاکستان کی جانب بہت بڑا قدم ہے، وزیراعظم عمران خان

Published On 11 January,2021 05:51 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ‘’راست’’ نظام کا اجرا ڈیجیٹل پاکستان کی جانب بہت بڑا قدم ہے۔ غربت کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پانچ ماہ میں کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس میں چلا گیا ہے۔

وزیراعظم کا پاکستان کے پہلے فوری ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام ’’راست‘‘ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کی وجہ سے روپے پر پریشر پڑتا ہے، روپے کی قدر میں کمی سے چیزیں مہنگی ہو جاتی ہیں۔ احساس پروگرام کے ذریعے غربت کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا میں سب سے کم ٹیکس اکٹھا کرتا ہے۔ 22 کروڑ عوام میں سے صرف بیس لاکھ لوگ ٹیکس دیتے ہیں۔ کم ٹیکس اکٹھا کرنے کے باعث ملکی تعمیر وترقی پر زیادہ خرچ نہیں کر سکتے۔ سٹیٹ بینک کے اقدامات سے ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

اپنے خطاب کے دوران وزیراعظم نے پاکستانی خواتین کے لیے اقدامات پر نیدرلینڈ کی ملکہ میکسیما کا شکریہ ادا کیا۔

اس سے قبل گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر کا تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ ’’راست‘‘ نظام سے کرپشن کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی۔ موجودہ حکومت کی سرپرستی میں ملک میں ڈیجیٹل بینکنگ میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

گورنر سٹیٹ بینک نے کہا کہ نئے نظام سے بینکوں، مالیاتی اداروں، سرکاری ادائیگیوں میں غیر ضروری تاخیر اور مشکلات کا خاتمہ ہوگا۔ ڈیجیٹل نظام ’’راست‘‘ کے ذریعے مالی لین دین کو محفوظ، موثر اور شفاف بنایا جا سکے گا۔

ان اک کہنا تھا کہ ‘’راست’’ نظام وزیراعظم عمران خان کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کا حصہ ہے۔ ڈیجیٹل پاکستان وژن کا مقصد غریب طبقے کو معاشی سرگرمیوں میں حصہ دار بنانا ہے۔
 

Advertisement