پاکستان، ترکی اور آذربائیجان کا چیلنجز سے مل کر نمٹنے کا عزم

Published On 13 January,2021 10:09 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان، ترکی اور آذربائیجان نے کورونا وائرس سمیت چیلنجز کیخلاف مل کر لڑںے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ وزارتِ خارجہ میں تینوں ممالک کے درمیان دوسرے سہ ملکی مذاکرات ہوئے، جس کے بعد اسلام آباد ڈکلیریشن پر دستخط کئے گئے۔

پاکستانی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اوغلو اور آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف نے اپنے وفود کے ہمراہ مذاکرات میں شرکت کی۔

اس موقع پر مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دوسرے سہ ملکی مذاکرات کی میزبانی ہمارے لیے باعث مسرت ہے۔ ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اوغلو اور آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف کو دوسرے سہ ملکی مذاکرات میں شرکت پر خوش آمدید کہتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، ترکی اور آذربائیجان کے درمیان یکساں ثقافتی، مذہبی اور تاریخی اقدار کی بنیاد پر گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔ پاکستان کے لوگ ، ترکی اور آزربائیجان کے روحانی مراکز سے گہرا لگاؤ رکھتے ہیں۔

دوران مذاکرات، تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ کیلئے مختلف پہلوؤں پر غور وخوض کیا گیا۔ تینوں وزرائے خارجہ نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسلامی اقدار کے تحفظ کیلئے مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا۔

ان مذاکرات میں افغان امن عمل کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بین الافغان مذاکرات کے انعقاد کو سراہتے ہوئے پاکستان کے مصالحانہ کردار کی تعریف کی گئی۔

اس کے علاوہ کورونا وبا کے معاشی مضمرات سے نمٹنے کیلئے تینوں ممالک نے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے اور مل کر اس وبائی چیلنج سے نمٹنے کا عزم کیا۔

پاکستان، ترکی اور آذربائیجان کے درمیان تجارت، معیشت، تعلیم، صنعت، توانائی اور ثقافت کے شعبہ جات میں تعاون کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔

تینوں فریقین نے دہشتگردی بشمول ریاستی دہشتگردی کی مذمت کرتے ہوئے اس عفریت سے نمٹنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر بھی غور کیا۔

 

Advertisement