اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے عوام پر مہنگائی کا بم گراتے ہوئے پٹرول 3 روپے 20 پیسے فی لٹر مہنگا کر دیا ہے۔ خیال رہے کہ اوگرا نے پیٹرول کی قیمت میں 13 روپے اضافے کی سفارش کی گئی تھی۔
اوگرا کی جانب سے ہائی سپیڈ ڈیزل 2 روپے 95 پیسے، مٹی کا تیل 3، لائٹ ڈیزل 4 روپے 42 پیسے اور پٹرول 3 روپے 20 پیسے فی لٹر مہنگا کر دیا گیا ہے۔
مٹی کا تیل 73 روپے 65 فی لٹر تھا، حالیہ اضافے سے نئی قمیت 76 روپے 65 پیسے ہو جائے گی۔ ہائی سپیڈ ڈیزل 110 روپے 24 پیسے فروخت ہو رہا تھا، اب قیمت بڑھنے کے بعد 113 روپے 19 پیسے ہو جائے گی۔
پٹرول ابھی 106 روپے فی لٹر فروخت ہو رہا ہے۔ قیمت بڑھنے کے بعد پٹرول کی قیمت 109 روپے 20 پیسے فی لٹر ہو جائے گی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل 31 دسمبر 2020ء کو آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وزارت خزانہ کو پٹرول کی قیمت میں 10 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 37 پیسے اضافہ کی سمری بجھوائی تھی تاہم پیٹرولیم ڈویژن نے دونوں تجاویز مسترد کر دی تھیں۔
اس کے بعد 31 دسمبر 2020ء کو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 31 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 80 پیسے کا اضافہ کیا گیا تھا۔ جس کے بعد فی لیٹر پیٹرول کی نئی قیمت 106 روپے اور ڈیزل کی نئی قیمت 110 روپے 24 پیسے مقرر ہو دی گئی تھی۔