افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

Published On 15 January,2021 07:38 pm

پشاور: (ویب ڈیسک) پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ افغانستان میں امن کے لیے انٹرا افغان مذاکرات کی حمایت جاری رکھیں گے۔ افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے۔

ان خیالات کا اظہار آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پشاور ہیڈ کوارٹر کے دورے کے موقع پر کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پشاور ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔ کور ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود نے استقبال کیا۔

یہ بھی پڑھیں: مستحکم اور خوشحال افغانستان ہی پاکستان کے مفاد میں ہے: آرمی چیف

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو پشاورہیڈ کوارٹر میں سکیورٹی صورتحال ، باڑ سمیت بارڈر مینجمنٹ پر مکمل بریفنگ دی گئی جبکہ خیبرپختونخوا میں نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع میں ایف سی اور پولیس کی صلاحیت میں اضافہ سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی

بابر افتخار کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے قبائلی علاقوں میں امن و امان سے متعلق ایف سی اور پولیس کے کردار کو سراہا جبکہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں مقامی آبادیوں کی قربانیوں کو سراہا۔

یہ بھی پڑھیں: مچھ واقعہ میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ امن و استحکام کو تقویت دینے کے لیے کوششیں ثمر آور ثابت ہونگی، افغانستان میں امن کے لیے انٹرا افغان مذاکرات کی حمایت جاری رکھیں گے۔ افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے۔
 

Advertisement