لاہور: (دنیا نیوز) منی لانڈرنگ ریفرنس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز لاہور کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے.
احتساب عدالت میں منی لانڈرنگ کیس پر شہباز شریف سمیت دیگر کے خلاف سماعت ہوئی۔ شہباز شریف ایک بار پھر روسٹرم پر آگے۔ فاضل جج نے شہباز شریف سے سوال کیا آپ کچھ کہنا چاہتے ہیں۔ جس پر لیگی رہنما نے کہا میڈیکل بورڈ نے میڈیکل رپورٹس نہیں دی، جیل والوں نے بتایا وہ عدالت میں پیش کر دی ہیں۔ اس پر فاضل نے جواب دیا کہ اس درخواست پر آج فیصلہ کر دوں گا۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ سماعت پر لاہور میں ویسٹ منیجمنٹ کمپنی پر کسی ادارے نے میری باتوں کی تردید نہیں کی، میرے خلاف لندن سے خبر چھپائی گئی، جس نے خبر چھپوائی اس کا نام نہیں لوں گا، پنجاب میں برطانیہ کی حکومت کے ساتھ ملکر 5 ارب روپے کے مختلف پروگرام شروع کیے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا ڈیلی میل نے جب خبر شائع کی تو برطانیہ کی حکومت نے اتوار کے روز آفس کھول کر تحقیقات کیں، برطانیہ میں اتوار کی چھٹی بہت اہم ہوتی ہے مگر اس دن افسز کھولے اور تحقیقات کی گئیں مگر میرے خلاف کرپشن ثابت نہیں ہوئی، ڈیلی میل میں خبر شائع کر کے پاکستان کو بدنام کیا گیا، ہر ایک منصوبے میں پیسے کی بچت ملے گی۔