لاہور: (روزنامہ دنیا) نابھا روڈ پر گاڑی میں مقیم ورلڈ ٹور پر آئے جرمن جوڑے کو پناہ گاہ منتقل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق نابھا روڈ پر گزشتہ 6 ماہ سے مقیم جرمن سیاح جوڑے نیجل اور ڈومینکا ماریہ کی آٹھ گھنٹے تک گاڑی میں غیر موجودگی پر انکی گاڑی سڑک سے ہٹا دی گئی، جبکہ سیاح واپسی پر گاڑی غائب دیکھ کر سیخ پا ہوگئے، ان کا کہنا تھا کہ یہ گاڑی نہیں ہمارا گھر تھا۔ تاہم اسسٹنٹ کمشنر سٹی فیضان احمد نے جرمن سیاح جوڑے کیساتھ مذاکرات کر کے انہیں پناہ گاہ منتقل ہونے پر راضی کر لیا۔
نیجل اور ڈومینکا ماریہ نے منتقلی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا ہم بھارت جانا چاہتے ہیں لیکن کورونا وائرس کے باعث نہیں جاسکے، ہم 6 ماہ سے یہاں لاہور میں مقیم ہیں اور ہمیں کوئی ڈر، خوف نہیں ہے۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض ملک بھی پناہ گاہ پہنچے جنہوں نے جرمن جوڑے کو بتایا کہ سکیورٹی اور حفاظت کے پیش نظر آپ کو یہاں منتقل کیا گیا۔ آپ کے ویزے کی مدت بھی ختم ہوچکی ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر سٹی فیضان احمد نے بتایا کہ 11 ملکوں کی سیر کے بعد جرمن جوڑا اپریل 2019 میں براستہ ایران پاکستان پہنچا لیکن کورونا وائرس کے باعث اگلی منزل بھارت داخل نہیں ہوسکا جبکہ پاکستان میں بھی غیرقانونی طور پر مقیم ہے۔ مستقبل میں انکے قیام کا فیصلہ اعلیٰ حکام نے کرنا ہے کیونکہ انکے ویزا کی مدت بھی ختم ہوچکی ہے۔