لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو عوام دشمنی قرار دیدیا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں مریم نواز شریف نے لکھا کہ پٹرول بم گرانے کے ایک ہفتے کے اندر بجلی کی قیمتوں میں اضافہ بدترین عوام دشمنی ہے۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پٹرول اور بجلی کی قیمتوں کا اثر ضروریات زندگی کے تمام اشیا پر ہوتا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا حکومت نے عوام کو اس قابل چھوڑا ہے کہ وہ نااہلی کے عذاب کا ہر ہفتے مقابلہ کرسکیں؟ غریب کیسے زندہ رہے؟
خیال رہے کہ حکومت نے عوام پر مہنگائی کا ایک اور بوجھ ڈالتے ہوئے بجلی فی یونٹ ایک روپیہ پچانوے پیسے مہنگی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
وفاقی وزرا نے بجلی مہنگی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق حکومت ہمارے لیے بارودی سرنگیں چھوڑ کر گئی۔ (ن) لیگی دور کے غلط معاہدوں کے باعث بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر مجبور ہیں۔
پٹرول بم گرانے کے ایک ہفتے کے اندر بجلی کی قیمتوں میں اضافہ بدترین عوام دشمنی ہے۔ پٹرول اور بجلی کی قیمتوں کا اثر ضروریات زندگی کے تمام اشیا پر ہوتا ہے۔
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) January 21, 2021
کیا حکومت نے عوام کو اس قابل چھوڑا ہے کہ وہ نااہلی کے عذاب کا ہر ہفتے مقابلہ کرسکیں ؟ غریب کیسے زندہ رہے؟
یہ بھی پڑھیں: مہنگائی کے ستائے عوام پر ایک اور بوجھ، حکومت نے بجلی مزید مہنگی کردی
وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان کا کہنا تھا کہ سابق حکومت ہمارے لیے باردوی سرنگیں بچھا کر گئی۔ (ن) لیگ نے ایسا خسارہ چھوڑا کی ادائیگیاں کرنا پڑیں گی۔ سابق حکومت کے غلط معاہدوں کی وجہ سے بجلی کی قیمت میں اضافہ کرنا پڑ رہا ہے۔ بجلی کی قیمت میں ایک روپیہ 95 پیسے فی یونٹ اضافہ کر رہے ہیں۔ مشکل حالات کے باوجود پاور سیکٹر کو 473 ارب روپے کی سبسڈی دی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے تابش گوہر نے کہا کہ گردشی قرضے میں کمی کیلئے حکومت نے بہت اقدامات کیے۔ ماضی کے برعکس قواعد وضوابط کے مطابق توانائی معاہدے کیے۔ آئی پی پیز کے ساتھ نئے معاہدوں سے 6 ہزار ارب روپے کا بوجھ کم ہوگا۔ 450 ارب روپے بقایا جات کی رواں سال ادائیگی کر دی جائے گی۔
عوام کا خون چوسنا نالائق اعظم سے بہتر کوئی نہیں جانتا۔اس شخص کا وزیراعظم کی کرسی پر گزارا گیا ایک ایک لمحہ عوام پر بھاری ہے۔ جو حکومت عوام کے ووٹ سے نہیں آتی اسے نا عوام کا احساس ہوتا ہے نا وہ عوام کو جوابدہ ہوتی ہے۔ یہ سمجھ گیا ہے کہ اسکی ناجائز حکومت کے ساتھ اسکی سیاست بھی ختم۔
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) January 21, 2021
اپنی ایک دوسری ٹویٹ میں مریم نواز نے لکھا کہ عوام کا خون چوسنا نالائق اعظم سے بہتر کوئی نہیں جانتا۔ اس شخص کا وزیراعظم کی کرسی پر گزارا گیا ایک ایک لمحہ عوام پر بھاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو حکومت عوام کے ووٹ سے نہیں آتی، اسے نہ عوام کا احساس ہوتا ہے نہ وہ عوام کو جوابدہ ہوتی ہے۔ یہ سمجھ گیا ہے کہ اس کی ناجائز حکومت کے ساتھ اس کی سیاست بھی ختم ہو جائے گی۔