لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبہ بھر میں یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منانے کی ہدایت کی ہے۔ پنجاب کے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز، اضلاع اور تحصیلوں میں کورونا ایس او پیز کے تحت اجتماعات ہوں گے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عوام سے یوم یکجہتی کشمیر کے اجتماعات میں شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری کورونا ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے اپنی شرکت یقینی بنائیں۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ دنیا سمیت مودی سرکار کو واضح پیغام دیں گے کہ کشمیر پاکستان کا ہے اور رہے گا۔ 5 فروری کو قوم کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام جدوجہد آزادی میں تنہا نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ ہے۔ یوم یکجہتی کشمیر پر بھارتی مظالم کے خلاف بھرپور آواز اٹھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہے۔ پاکستان اور کشمیر نہ ٹوٹنے والے بندھن میں بندھے ہیں۔ مودی سرکار کی مکاری اور عیاری اقوام عالم کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہے۔
وزیراعلٰیٰ نے کہا کہ بھارت ظلم وجبر سے زیادہ دیر تک مقبوضہ جموں وکشمیر پر اپنا قبضہ برقرار نہیں رکھ سکتا۔ مودی کا نظریہ ہٹلر ازم ہے جو آخرکار بھارت کو ہی لے ڈوبے گا۔