مظفر آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ نریندرا مودی کو جواب دینے کے لیے جمہوری وزیراعظم کو منتخب کرنا ہو گا۔
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مظفر آباد میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید نے کہا تھا مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے ایک ہزار سال جنگ لڑیں گے۔ پورے مقبوضہ کشمیر کو جیل بنا دیا گیا ہے، کشمیریوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے،
بلاول بھٹو نے کہا کہ کشمیریوں کی نسل کشی ہو رہی ہے تو کٹھ پتلی نے کہا میں کیا کروں۔ کشمیر پر تاریخ کا بدترین حملہ ہوا، نریندرا مودی کو جواب دینے کے لیے جمہوری وزیراعظم کو منتخب کرنا ہو گا۔ سلیکٹڈ وزیراعظم مودی کو جواب نہیں دے سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا وزیراعظم کلبھوشن یادیو کا وکیل بننے کی کوشش کر رہا ہے۔ عمران خان کلبھوشن یادیو کو این آر او دے رہا ہے۔ نااہل، نالائق اور سلیکٹڈ حکومت کو ہم پر مسلط کیا گیا۔ سلیٹکڈ حکومت پاکستان پر راج کر رہی ہے۔
پی پی چیئر مین کا کہنا تھا کہ 26مارچ کو مہنگائی مارچ ہو گا، نریندرا مودی کو ہرانا ہے تو جمہوریت قائم کرنا ہوگی، ہم جانتے ہیں نریندرا مودی کو جواب کیسے دینا ہے، کشمیر کے الیکشن سے پہلے حکومت کو گھر بھیج دیں گے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو اپنے مستقبل کے فیصلے کرنے کی اجازت دی جائے۔