حکومت پاکستان نے روسی کورونا ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت دیدی

Published On 07 February,2021 04:43 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت پاکستان نے روسی کورونا ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت دے دی، جس کے بعد سپٹنک فائیو ویکسین پاکستان میں استعمال ہو سکے گی۔

ڈریپ رجسٹریشن بورڈ نے سپٹنک فائیو کے ہنگامی استعمال کی اجازت 3 ماہ کیلئے دی ہے اور اجازت نامہ یکم اپریل تک موثر رہے گا۔

دریں اثنا لاہور میں میو، جناح اور سروسز ہسپتال کے بعد شہر کے مزید 3 بڑے تدریسی ہسپتالوں میں کورونا ویکسین لگانے کا آغاز ہو گیا ہے، جن میں چلڈرن ہسپتال، لاہور جنرل ہسپتال اور پی آئی سی شامل ہیں۔

چلڈرن ہسپتال میں 4 ہزار، لاہور جنرل ہسپتال میں 6 ہزار اور پی آئی سی میں3 ہزار ہیلتھ پروفیشنلز کو ویکسین لگائی جائے گی۔ اس کے علاوہ کراچی سمیت سندھ بھر میں تیسرے روز 2 ہزار 645 فرنٹ لائن ورکرز کو ویکسین لگائی گئی، صوبے میں مجموعی طور پر اب تک 7 ہزار 349 ورکرز کو ویکسین لگی۔

دوسری جانب ملک بھر میں کورونا وائرس سے مزید 28 اموات ہوئیں اور 1 ہزار 286 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ این سی او سی کے مطابق ملک میں کورونا متاثرین کی تعداد 5 لاکھ 53 ہزار 128 ہو چکی ہے جبکہ 11 ہزار 914 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں ، تاہم 5 لاکھ 8 ہزار 700 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں اور فعال کیسز کی تعداد 32 ہزار 514 ہے ، جن میں سے 2 ہزار 345 مریض ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں اور 279 وینٹی لیٹرز پر ہیں ۔ادھر محکمہ صحت پنجاب کے مطابق صوبہ میں کورونا وائرس کے 457نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد160162 ہو گئی اور لاہورمیں مزید 222 مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے ، جبکہ صوبہ بھر میں 4854 اموات ہوچکی ہیں۔

 

Advertisement