پشاور: (دنیا نیوز) سینٹ انتخابات میں پیسے لینے کی ویڈیو کے معاملے پر وزیر قانون سلطان محمد نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد عہدہ واپس لینے کا حکم دیا تھا
سلطان محمد کی جانب سے دیئے گئے استعفے کے متن میں کہا گیا ہے کہ میڈیا پر ایک ویڈیو چلی جس میں میرا نام آیا ہے۔ ان الزامات کے بعد استعفیٰ دینا اخلاقی فرض سمجھتا ہوں۔
انہوں نے استعفے کے متن میں لکھا کہ میں فوری طور پر خیبر پختونخوا کابینہ سے استعفیٰ دیتا ہوں۔ وزیراعظم عمران کے ویژن اور ان کی ٹیم کے ادنیٰ کارکن کی حیثیت سے کام کرنا فخر محسوس کرتا ہوں۔ مھجے امید ہے کہ مجھ پر لگے الزامات کو صاف کرنے میں سرخرو ہونگا۔
یہ بھی پڑھیں: سینیٹ الیکشن 2018 میں ایم پی ایز کی خرید و فروخت، ویڈیو منظر عام پر آگئی
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 2018ء کے سینیٹ الیکشن میں ووٹ بیچنے پر ایکشن لیتے ہوئے وزیر قانون خیبر پختونخوا سے استعفیٰ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔
صوبائی وزیر قانون سلطان محمد کی 2018ء سینیٹ الیکشن میں ووٹ کے بدلے پیسے لینے کی ویڈیو سامنے آئی تھی۔ سلطان محمد اس وقت قومی وطن پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی تھے۔
وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو اس اہم معاملے پر احکامات جاری کرتے ہوئے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
اس بات کی تصدیق معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے اپنی ایک ٹویٹ کے ذریعے کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے خبیر پختونخوا کے وزیر قانون سے استعفیٰ لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمود خان کو احکامات دے دئیے ہیں۔ اس بات کی تفصیلی انکوائری کر کے رپورٹ پیش کی جائے گی۔