'مستحق افراد کو اپنے پاؤں پرکھڑا کرنے کیلئے چھوٹے کاروبار کیلئے سہولت فراہم کرینگے'

Published On 10 February,2021 12:18 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے کہا ہے کہ احساس کفالت پروگرام میں غیر سیاسی طور پر امدادی کیش فراہم کر رہے ہیں، مستحق افراد کو اپنے پاؤں پرکھڑا کرنے کیلئے چھوٹے کاروبار کیلئے سہولت فراہم کرینگے، نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم پر کام شروع ہوچکا ہے۔

احساس کفالت پروگرام کے دوسرے مرحلے کی تقریب سے وزیراعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ احساس کفالت پروگرام کوئی احسان نہیں، حکومت کا فرض ہے، حکومت کا فرض ہے کہ غریب طبقے کی مدد کرے، احساس کفالت پروگرام کے تحت مستحق افراد کو پیسے ملتے رہیں گے، تمام خاندانوں کو صحت کارڈ فراہم کیا جائے گا، اخوت کیساتھ مل کر کمزور طبقے کیلئے گھر بنانے میں مدد کریں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم بھی مزدور طبقے کیلئے ہے، مستحقین کو سود کے بغیر قرض فراہم کریں گے، کوئی نہیں کہہ سکتا احساس پروگرام میں رقم کی تقسیم غیر منصفانہ کی، غیر مستحق 30 ہزار افراد کو سکیم سے نکالا جاچکا، کورونا کے دوران سندھ میں آبادی کے لحاظ سے زیادہ پیسہ دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے دوران لبنان کی حکومت نے سیاسی بنیادوں پر پیسے بانٹے تھے، لبنان میں پیسے کی منصفانہ تقسیم نہیں کی اس لیے لوگ وہاں مظاہرے کر رہے ہیں۔
 

Advertisement