اسلام آباد ہائیکورٹ حملہ کیس: جے آئی ٹی تشکیل، نوٹیفکیشن جاری

Published On 15 February,2021 11:12 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ حملہ کیس کی تحقیقات کے لئے چیف کمشنر نے جے آئی ٹی تشکیل دے دی۔ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی تشکیل کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا۔

نوٹیفکشین کے مطابق جے آئی ٹی میں پولیس اور حساس اداروں کے نمائندے، ایس ایس پی انویسٹی گیشن، ایس ایس پی سی ٹی ڈی، ایس پی صدر، ایس ڈی پی او اور ایس ایچ او مارگلہ شامل ہوں گے۔ جے آئی ٹی میں آئی ایس آئی اور آئی بی کے نمائندے بھی ہوں گے۔ جے آئی ٹی اسلام آباد ہائیکورٹ بار اور ڈسٹرکٹ بار سے بھی مدد لے گی۔ جے آئی ٹی تھانہ مارگلہ اور رمنا میں اسلام آباد ہائیکورٹ حملہ کیسز کی تفتیش کرے گی۔

قبل ازیں غیر قانونی چیمبرز گرائے جانے کے خلاف احتجاج کے نام پر اسلام آباد ہائیکورٹ پر حملہ اور توڑ پھوڑ کرنے والے 32 وکلاء کے کیسز کی سماعت کے لئے 5 بینچ تشکیل دے دیئے گئے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس سے جاری کاز لسٹ کے مطابق وکلاء کیخلاف توہین عدالت کیسز کی سماعت 5 مختلف بینچ کریں گے

احسن مجید گجر سمیت دیگر کیخلاف توہین عدالت نوٹس کی سماعت جسٹس عامر فاروق، کلثوم رفیق سمیت دیگر کے خلاف توہین عدالت نوٹس کی سماعت جسٹس فیاض احمد انجم جندران، مظہر جاوید کے خلاف توہین عدالت نوٹس کی سماعت جسٹس غلام اعظم قمبرانی، خالد محمود کے خلاف توہین عدالت نوٹس کی سماعت جسٹس طارق جہانگیری، راجہ امجد سمیت دیگر کے خلاف توہین عدالت نوٹس کی سماعت جسٹس بابر ستار کریں گے۔

یاد رہے وکلاء نے تمام عدالتوں میں سماعت رکواتے ہوئے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ کو یرغمال بنالیا تھا۔ وکلاء نے ہائی کورٹ کی عمارت کے شیشے، گملے، کھڑکیاں، ٹی وی، فرنیچر تک توڑ دیا تھا۔ احتجاج اور توڑ پھوڑ کی فوٹیج بنانے پر صحافیوں کے موبائل فون بھی چھین لیے اور وڈیوز ڈیلیٹ کر دیں گئیں تھی۔
 

Advertisement