اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ان کی جماعت سینیٹ الیکشن میں باآسانی فتح حاصل کر لے گی۔ تحفظات کے باوجود ارکان پارلیمنٹ ہمارے ساتھ کھڑے ہیں، پہلے دباؤ لیا نہ اب لیں گے۔
تفصیل کے مطابق وزیراعظم کے زیر صدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں موجودہ سیاسی صورتحال اور سینیٹ الیکشن سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں حکومتی فیصلوں اور کفایت شعاری پر ترجمانوں کو بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں اپوزیشن اتحاد کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی کو ٹکٹ جاری کرنے پر بھی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کا لانگ مارچ بھی جلسوں کی طرح بری طرح ناکام ہوگا
ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں باآسانی کامیابی حاصل کریں گے۔ ہم نے بہترین امیدواروں کو سینیٹ کے ٹکٹ دیے ہیں۔ ہم نے ارب پتی لوگوں کو سینیٹ ٹکٹ کی روایت توڑ دی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں وزیراعظم آفس کا خرچہ 506 ملین سے کم 243 ملین کیا گیا۔ لوگوں کو پتا ہونا چاہیے کہ مشکل حالات میں حکومت ان کے ساتھ ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج سارے معاشی اعشاریے بہتری کی طرف جا رہے ہیں۔ بڑے عرصے کے بعد لارج سکیل مینوفیکچرنگ میں واضح ہو رہا ہے۔