لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے سموگ کو خاموش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی میں معاملے کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا، ماحولیاتی آلودگی ختم کرنے کے لیے شجر کاری ناگزیر ہے۔
وزیراعظم نے یہ بات دورہ لاہور کے دوران جیلانی پارک میں اربن فاریسٹ منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں سموگ پر ریسرچ کی جا چکی ہے، یہ انسانی زندگی کیلئے بہت خطرناک ہے۔
انہوں نے اس موقع پر ماضی میں باغوں کا شہر کہلانے والے شہر لاہور کی مثال دی جہاں آج آلودگی کی شرح انتہائی حد تک بڑھ چکی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ ادوار میں لاہور کا 70 فیصد گرین بیلٹ ختم کر دیا گیا جس سے آلودگی میں بے پناہ اضافہ ہوا۔ یہ فضائی آلودگی بزرگوں اور بچوں کیلئے بہت نقصان دہ ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ لاہور میں اربن فاریسٹ کیلئے 50 سائٹس کا انتخاب اور میاواکی اربن فاریسٹ زبردست اقدام ہے۔ لاہور کے لوگ چاہتے ہیں کہ یہاں ہریالی ہو۔
انہوں نے ہدایت کی کہ اربن فاریسٹ کی 50 سائٹس گوگل کے ذریعے دکھائی جائیں اور اس بارے لوگوں کو بتایا جائے۔ وزیراعظم نے اعلان کیا کہ ہم زیتون کے جنگلات لگانے جا رہے ہیں۔ چند سال میں پاکستان زیتون درآمد کے بجائے برآمد کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے حکومتیں 5 سال کی منصوبہ بندی کرتی ہیں حالانکہ ملک کا مستقبل لانگ ٹرم پلاننگ سے محفوظ ہوتا ہے۔ چین نے تمام شہروں کو گرین سٹی ڈکلیئر کر دیا ہے۔