لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم آج ایک روزہ دورے پر لاہور آئیں گے، سینیٹ انتخابات کی تیاریوں سمیت سیاسی صورت حال پر غور ہوگا، وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات شیڈول ہے، عمران خان اربن فاریسٹ کی تقریب میں مہمان خصوصی ہوں گے۔
وزیراعظم عمران خان کو دورہ لاہور کے دوران صحت کے شعبے میں حکومتی اقدامات پر بریف کیا جائے گا، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اور متعلقہ حکام وزیراعظم کو بریفنگ دیں گے۔ عمران خان کو پنجاب میں صحت کے شعبے میں ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر بریف کیا جائے گا۔ وزیراعظم کو یونیورسل ہیلتھ کوریج پلان پر بھی بریف کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے بتایا ہے کہ ایکنک نے پنجاب میں 4 مزید مدر اینڈ چائلڈ کیئر ہسپتالوں کی منظوری دیدی، نئے مدر اینڈ چائلڈ کیئر ہسپتال سیالکوٹ، اٹک، راجن پور اور لیہ میں قائم کیے جائیں گے، 20 ارب روپے کی لاگت سے ان ہسپتالوں کو مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں چار اضلاع میں حکومت کے اعلان کردہ ہسپتالوں پر کام جاری ہے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ گنگا رام ہسپتال میں 650 بستروں کے مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال پر کام جاری ہے، نشتر ہسپتال میں جنرل اور ڈی جی خان میں کارڈیالوجی ہسپتال پر کام جاری ہے، میانوالی میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال اور نرسنگ کالج پرکام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت تیزی سے ہیلتھ انشورنس کارڈ کی فراہمی کر رہی ہے، ساہیوال اور ڈی جی خاں ڈویژن میں ہر شخص کو رواں مالی سال کے آخر میں ہیلتھ کارڈ فراہم کر دیا جائے گا۔
وزیر صحت پنجاب نے مزید کہا کہ پنجاب کی باقی آبادی کو 31 دسمبر 2021 تک ہیلتھ کارڈ فراہم کر دیئے جائیں گے، 84 ارب روپے کی لاگت سے ہیلتھ انشورنس کارڈ کی سہولت فراہم کی جائے گی، پنجاب میں اس وقت تک 52 لاکھ کارڈ تقسیم ہوچکے ہیں، ہیلتھ کارڈ پر ڈائیلسز، دل، آنکھوں اور دیگر بیماریاں کا عوام علاج کروا رہی ہے۔