مولانا طارق جمیل کا وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بنانے والا ٹویٹر اکاؤنٹ جعلی قرار

Published On 11 February,2021 11:19 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پر خبریں وائرل ہو رہی ہیں جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ممتاز عالم دین مولانا طارق جمیل نے وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے، یہ خبریں جعلی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر مولانا طارق جمیل کے نام سے ایک جعلی اکاؤنٹ وائرل ہو رہا ہے، جس میں لکھا ہے کہ مولانا طارق جمیل نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ریاست مدینہ بنائیں گے، لیکن افسوس آج اس نے جس طرح سرکاری ملازمین پر ظلم کے پہاڑ توڑے ہیں یہ بہت ظلم ہے۔ میں بائیس کروڑ عوام سے معافی مانگتا ہوں کہ میں نے عمران خان کے حق میں بیان دے کر عوام کو دھوکا دیا۔

ان خبروں کے وائرل ہونے کے بعد ممتاز عالم دین مولانا طارق جمیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنا ایک پیغام لکھا۔ انہوں نے کہا کہ میرا ٹویٹر اکاؤنٹ (@TariqJamilOFCL) کے نام سے ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ممتاز عالم دین مولانا طارق جمیل نے وضاحتی بیان میں لکھا کہ میرے نام سے چلنے والی خبریں جعلی ہیں، میرے تصدیق شدہ اکاؤنٹ کو دیکھتے رہیں، اللہ تعالیٰ جعلی خبریں پھیلانے والوں سے ہمیں محفوظ رکھے۔
 

Advertisement