برسلز: (ویب ڈیسک) یورپی کمیشن نے سرچ انجن کی مشہور ویب سائٹ گوگل، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر، سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ فیس اور مائیکرو سافٹ کو ہدایت کی ہے کہ کورونا وباء کے دوران جعلی خبروں پر نظر رکھی جائے۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وباء تیزی سے پھیل رہی ہے، وباء سے جہاں پر ہلاکتیں بڑھ رہی ہیں وہیں پر ایک نئی عفریت تیزی سے سر اٹھا رہی ہے، یہ عفریت جعلی خبریں ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کسی بھی عام ویب سائٹ پر جان لیوا وائرس سے متعلق معلومات کو سرچ کرنے اور پڑھنے سے گریز کریں۔ جان لیوا کورونا وائرس کے پھیلنے کی وجہ سے بے شمار لوگوں کی جانب سے احتیاطی تدابیر بتائی جارہی ہیں اور اسی ضمن میں متعدد یوٹیوبرز اور سوشل میڈیا انفلوئنسر کی جانب سے مشورے دیے جارہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ وائرس سے متعلق کسی بھی عام شخص کے مشوروں پر عمل نا کریں۔
برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق یورپی کمیشن کی نائب صدر نے کہا ہے کہ جعلی خبریں ایک بڑا مسئلہ ہیں، سوشل میڈیا پر یہ عفریت تیزی سے پھیل رہی ہے، ہمیں مل کر جدوجہد کرنا ہو گی، تاکہ بے بنیاد خبروں کیخلاف لڑا جا سکے۔
انہوں نے بات کو جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ اس عفریت سے لڑنے کے ساتھ ساتھ ہمیں آن لائن پلیٹ فارم سے زیادہ شفافیت اور بہتر کوشش کی ضرورت ہے۔