کم آمدنی والے افراد کو قرضوں کی فراہمی کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے، وزیراعظم کی ہدایت

Published On 11 February,2021 11:14 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے گورنر سٹیٹ بینک اور چئیرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کو کم آمدنی والے افراد کو قرضوں کی فراہمی کا باقاعدہ جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔

وزیرِاعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ اس عمل میں کسی بھی پیش آنے والی رکاوٹ کو ترجیحی بنیاد پر دور کیا جائے۔ راوی اربن ڈویلپمنٹ منصوبہ لاہور شہر کے مسائل حل کرنے اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں ایم سنگ میل ثابت ہوگا۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی برائے ہاؤسنگ، کنسٹرکشن و ڈویلپمنٹ کا ہفتہ وار اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ملک میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں، بنکوں کی جانب سے ڈویلپرز، سرمایہ کاروں اور خصوصاً کم آمدنی والے افراد کو ذاتی مکان کی تعمیر کے لئے آسان قرضوں کی فراہمی اور تعمیرات سے متعلقہ دیگر معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ گورنر سٹیٹ بنک نے اجلاس کو بتایا کہ حکومت کی جانب سے اعلان کردہ مارک اپ سبسڈی کے حوالے سے محض چند ہفتوں میں اب تک آسان قرضوں کے لئے آٹھ ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں جن میں سے تقریباً دو ہزار کے قریب (1820) منظور ہو چکی ہیں اور منظور شدہ قرضے کا حجم پانچ ارب روپے ہے۔

سینئر صوبائی وزیر پنجاب علیم خان نے اجلاس کو بتایا کہ بلڈرز اور ڈویلپیرز اس امر کے معترف ہیں کہ تعمیرات کے لئے قرضے فراہم کرنے کے حوالے سے بنک نہایت متحرک کردار ادا کر رہے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ سٹیٹ بنک کی کاوشوں اور بنکوں کے تعاون سے کم آمدنی والے افراد کو ذاتی مکان کے لئے قرضوں کی فراہمی کے لئے یکساں اور اسٹینڈرڈ درخواست فارم رائج کیا گیا ہے تاکہ آسان قرضوں کی فراہمی کے عمل کو آسان ترین بنایا جا سکے۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے اجلاس کو بتایا کہ وزارتِ ہاؤسنگ نے بنک آف پنجاب اور الفلاح بنک سے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت ان بنکوں کی جانب سے طے شدہ شرح پر گھروں کی تعمیر کے لئے قرض فراہم کیا جائے گا اور اس قرضے کے لئے رقم کی کوئی حد نہیں ہوگی۔ اس طرح اس عمل سے وہ لوگ بھی استفادہ حاصل کر سکیں گے جن پر مارک اپ سبسڈی سکیم کا اطلاق نہیں ہوتا۔

وزیرِ اعظم نے بنکوں کے متحرک کردار اور تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیرِ اعظم نے گورنر سٹیٹ بنک اور چئیرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کو ہدایت کی کہ کم آمدنی والے افراد کو قرضوں کی فراہمی کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے اور اس عمل میں کسی بھی پیش آنے والی رکاوٹ کو ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے۔اجلاس میں اخوت کو فراہم کردہ رقوم کی بدولت کمزور ترین طبقات کو گھروں کی تعمیر میں معاونت فراہم کرنے کے حوالے سے مثبت نتائج کا جائزہ لیا گیا۔ اس سے قبل وزیرِ اعظم نے راوی اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ اور والٹن ائیرپورٹ پر سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ پراجیکٹ کے حوالے سے منعقدہ سرمایہ کاروں کی کانفرنس میں اب تک پانچ بڑے سرمایہ کاروں کی جانب سے دلچسپی کا باقاعدہ اظہار کیا جا چکا ہے۔ مزید دو سرمایہ کار کمپنیاں بھی اس منصوبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہیں اور ان کی جانب سے باقاعدہ طور پر اس حوالے سے پیش رفت کی جا رہی ہے ۔

وزیرِ اعظم کو منصوبے میں ترجیحات اقدامات اور ان میں اب تک کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دیئے گئوزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راوی اربن ڈویلپمنٹ منصوبہ لاہور شہر کے مسائل حل کرنے اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں ایم سنگ میل ثابت ہوگا۔


 

Advertisement