اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کی زیر صدارت تحریک انصاف کے سینیٹ پارلیمانی بورڈ کا آج اجلاس ہوگا۔ پارٹی امیدواروں کے حوالے سے فیصلے کئے جائیں گے، وزیراعلیٰ عثمان بزدار پنجاب میں نمبر گیم سے بھی آگاہ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت پارلیمانی بورڈ اجلاس آج سہ پہر ہوگا۔ وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار اور وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان شریک ہوں گے۔ سینٹ انتخابات کے امیدواروں سے متعلق مشاورت ہوگی۔ سینٹ انتخابات میں حکومتی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔ سینٹ انتخابات میں امیدواروں کے ناموں پر مشاورت ہوگی۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا، ملک بھر میں سینیٹ انتخابات 3 مارچ کو ہوں گے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی 12 تا 13 فروری جمع کرائے جاسکیں گے، امیدواروں کی ابتدائی فہرست 14 فروری کو جاری ہوگی، امیدواروں کی سکرونٹی 15 تا 16 فروری ہوگی، کاغذات نامزدگی پر اپیلیں 17 تا 18 فروری دائر ہوسکیں گی، امیدواروں کی حتمی فہرست 21 فروری کو جاری ہوگی، امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 22 فروری تک واپس لے سکیں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق چاروں صوبائی اسمبلیاں اور پارلیمنٹ ہاوس کو پولنگ سٹیشن کا درجہ حاصل ہوگا، 48 نشستوں پر انتخابات کرائے گا۔ الیکشن کمیشن نے انتخابات کیلئے ریٹرینگ افسران بھی مقرر کر دئیے ہیں۔ اسلام آباد کیلئے سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ ظفر اقبال حسین ریٹرننگ افسر مقرر جبکہ پنجاب کیلئے صوبائی الیکشن کمشنر غلام اسرار خان، سندھ کیلئے صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان، خیبرپختونخوا کے لیے صوبائی الیکشن کمشنر شریف اللہ اور بلوچستان کیلئے صوبائی الیکشن کمشنر محمد رازق ریٹرننگ افسر ہوں گے۔