اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا کے باعث پوری دنیا کو چیلنجوں کا سامنا، مشکلات سے نمٹنے کیلئے منصوبہ بندی ناگزیر ہے۔ غریب ملکوں کے لیے قرضوں میں رعایت اور نرمی کا اعلان کرنا چاہیے۔
اٹلی میں بین الاقوامی زرعی ترقیاتی فنڈ کی گورننگ کونسل کے اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ زراعت انسانی بقا کیلئے بنیادی ضرورت ہے۔ دنیا بھر میں دس کروڑ بچے غذائی قلت کا شکار ہیں۔ صورتحال سے نبرد آزما ہونے کے لیے اقوام عالم کو مل کر چلنا ہوگا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دنیا کو کورونا سے نمٹنے کے دوران متعدد چیلنجز کا سامنا ہے۔ یا تو ہم سب ختم ہو جائیں گے یا پھر مل کر چیلنجز سے کامیاب ہو کر نکلیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ غریب ممالک کیلئے قرضوں میں رعایت کی مہم شروع کی۔ غریب ممالک کو کورونا بحران سے نکلنے کیلئے معاشی استحکام درکار ہے۔ امیر ممالک کو غریب ممالک کے قرضوں میں نرمی کا اعلان کرنا چاہیے۔
عمران خان نے کہا کہ دنیا کی آبادی بہت جلد 8 ارب تک پہنچ جائے گی۔ 20 ممالک غذائی قلت کا شکار ہیں۔ دنیا سے بھوک ختم کرنا چاہتے ہیں تو مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔