لاہور: (دنیا نیوز) رہنما تحریک انصاف حلیم عادل شیخ کو جیل لائے جانے کی تصویریں دنیا نیوز نے حاصل کر لیں، حلیم عادل کو دیکھتے ہی قیدیوں نے نعرے بازی کی تھی۔
پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کو تصویروں میں جیل میں داخل ہوتے دیکھا جاسکتا ہے ، ان کے ہمراہ ایک پولیس افسر اور7اہلکارنظر آ رہے ہیں۔ جیل حکام کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما کو دیکھتے ہی قیدیوں نے نعرے بازی کی تھی، ملزم حلیم عادل شیخ کو جیل میں بی کلاس سہولیات فراہم کی گئیں۔
وفاقی وزیرمواصلات مراد سعید نے حکومت سندھ کے زیرحراست حلیم عادل شیخ کے اہلِ خانہ سے رابطہ کیا ، انہوں نےسندھ میں حکومتی سرپرستی میں پیپلزپارٹی کی غنڈہ گردی کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اوباش، بدمعاش، لٹیرے اور قاتل سندھ میں اقتدار پر قابض ہیں، سیاسی بدمعاشیہ سندھ میں تمام جمہوری اقدارروندتے ہوئے بدترین حربے آزما رہا ہے، طاقت کے بل پر مخالف اور تنقیدی آوازیں دبانا ان بدمعاشوں کا وطیرہ ہے، عزیز میمن جیسے کئی ان کی غنڈہ گردی کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں، حلیم عادل شیخ نے انکے خونخوارچہروں سے جمہوریت کا نقاب کھینچ دیا ہے۔