صوبہ پنجاب کے سات اضلاع کے سکولوں میں 50 فیصد حاضری کی پالیسی رہیگی

Published On 26 February,2021 05:31 pm

لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ سکول ایجوکیشن نے لاہور سمیت صوبے کے سات اضلاع میں کورونا کا خطرہ برقرار ہونے کی وجہ سے تعلیمی اداروں میں 50 فیصد حاضری کی پالیسی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق جن اضلاع میں روزانہ 20 یا اس سے زیادہ کیسز آ رہے ہیں، وہاں 100 فیصد حاضری کے فیصلے کا اطلاق نہیں ہوگا۔

نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ لاہور، گجرات، ملتان، رحیم یار خان، سیالکوٹ، راولپنڈی اور فیصل باد میں طلبہ ایک دن سکول آئیں گے اور ایک دن چھٹی کریں گے۔ اس پالیسی پر 31 مارچ تک عملدرآمد جاری رہے گا۔

نوٹیفکشین کے مطابق اگر صورتحال بہتر ہوئی تو پالیسی پر نظر ثانی کی جائے گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی جانب سے کورونا صورتحال میں بہتری آنے کے بعد تمام طلبہ کی ہفتے میں چھ دن کلاسز کا اعلان کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: یکم مارچ سے تمام سکول معمول کے مطابق کھلیں گے: وزیر تعلیم شفقت محمود

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ‏ملک میں تمام سکول یکم مارچ سے 5 دن کلاسز کے معمول پر واپس چلے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ ہر تعلیمی ادارے پر لاگو ہوگا، اللہ کی رحمت سے حالات معمول پر آ رہے ہیں۔ کلاسز کو چھوٹے گروہوں میں تقسیم کر کے پڑھانے کی پابندی کا اطلاق 28 فروری سے ختم ہو رہا ہے۔
 

Advertisement