لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ جیلیں ہمارے لیے نئی بات ہیں نہ ہی سیاسی انتقام سے گبھرائیں گے، نااہل حکمرانوں نے ملک تباہ کردیا، چوروں کو ساتھ بٹھا کر ریاست مدینہ کی باتیں کرنے والوں کا یوم حساب قریب ہے۔
جیل سے رہائی کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے ہمراہ کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تین سالوں میں یہ بے نقاب ہوئے، عمران اب تمہارا یوم حساب قریب ہے۔ چوروں کوساتھ بٹھا کرریاست مدینہ کی بات کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے آٹا ایکسپورٹ پھرامپورٹ کیا گیا، دوائیوں میں 350فیصد اضافہ کیا گیا، آٹا،چینی،ادویات چورآج بھی کابینہ میں بیٹھے ہیں۔ شوگرانکوائری رپورٹ کہتی ہے چینی میں اربوں کا غبن ہوا۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ایک طرف مفروں پرمبنی الزامات،دوسری طرف آٹا،چینی چورپکڑے جاتے ہیں۔ چھ ہفتوں سے دال،آٹا،چینی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ انتقام کی آگ ٹھنڈی ہونے کا نام نہیں لے رہی، جب ملتا کچھ نہیں توغصہ22کروڑعوام پرنکالتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کوٹ لکھپت جیل سے رہا
ان کا کہنا تھا کہ ڈیلی میل کے وکیل نے کہا ثبوت نہیں کہانی مفروضوں پرمبنی ہے۔ عمران نیازی کے کرائے کے ترجمان کاغذ لہراتے ہیں۔ پریس کانفرنسزمیں کاغذ لہرا کرروزجھوٹ بولتے ہیں، براڈشیٹ کیس میں یہ لندن میں خفیہ ملاقاتیں کرتے ہیں۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ مریم نواز، شاہدخاقان عباسی، حنیف عباسی، خواجہ سعد رفیق، رانا ثنا اللہ سب جیل گئے، کس کس کا نام لوں، تین سال بدترین انتقام کے باوجود ایک پائی ثابت نہیں ہوسکی۔ یہ حکومت نہیں جعلی حکومت ہے، اس حکومت کوبنے ہوئے تین سال ہوگئے۔ کبھی کسی نے ایسا لیڈردیکھا اپنی بیماراہلیہ کوچھوڑکرپاکستان آکرجیل چلاگیا، نوازشریف نے عمران نیازی کے انتقام کا سامنا کیا۔ جیلیں مسلم لیگ (ن)کے لیے نئی بات نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سیّدہ نوشین افتخارجیت گئی راتوں رات پولنگ افسران کواغوا کرلیا گیا، کہتے ہیں دھند تھی ہرطرف مایوسی کی دھند چھائی ہوئی ہے۔ نوازشریف،شہبازشریف نے اربوں کے منصوبے لگائے، نوشہرہ کی عوام نے ان کے جھوٹ کومسترد کیا۔ بنی گالہ کی تجاوزات کوریگولرکیا گیا۔ بنی گالہ میں بیٹھ کرغریبوں کی جھونپڑیاں گراتا ہے۔
اس سے قبل مریم نواز نے کہا تھا کہ ہوسکتا ہے لانگ مارچ کی ضرورت پیش نہ آئے، عمران خان کے دوبارہ آنے کا کوئی چانس نہیں، عمران خان ایک بار ساز باز کر کے اقتدار میں آگئے، دوسری بار ایسا نہیں ہوگا۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک حلقہ کھلنے پر ان کی حقیقت سامنے آگئی، اب یہ ری الیکشن سے راہ فرار اختیار کر رہے ہیں، ڈسکہ میں دھاندلی کر کے بھی یہ الیکشن ہار گئے، ہماری توجہ اب ڈسکہ ضمنی انتخاب پر ہوگی، ڈسکہ اور سینیٹ الیکشن کے بعد لانگ مارچ کی تیاری ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ارکان خود اپنی پارٹی کو ووٹ نہیں دیں گے، سینیٹ کے معاملے میں کچھ نہ کہوں تو بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز میری طرح پارٹی کے کارکن ہیں، ہم دونوں پارٹی کیلئے خدمات سرانجام دیں گے، حمزہ شہباز نے بہادری کے ساتھ جھوٹے کیس کا مقابلہ کیا، حمزہ شہباز نے 2 سال ناحق جیل کاٹی۔