اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ تمام جماعتوں کے عددی تناسب سے سینیٹ میں سیٹیں لینا ان کا جمہوری حق ہے۔ سینیٹ انتخابات میں شفافیت لانے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں اور الیکشن کمیشن کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور، وزیراعلیٰ سردار عثمان بزداراور سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں پنجاب سے سینیٹ امیدواروں کی بلا مقابلہ کامیابی، پار لیمانی اور حکومتی امور سمیت دیگر ایشوز کے بارے میں بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے دوران گورنر چودھری محمد سرور نے کہا کہ پنجاب میں سینیٹ کے امیدواروں کا بلا مقابلہ انتخاب سیاسی بالغ نظری کا مظہر ہے۔ امید ہے کہ آئندہ بھی اپوزیشن اپنے اختلافات کو بالا ئے طاق رکھ کر ملکی مفاد میں تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب میں تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ لے کر چلنے کی خواہاں ہے، سینیٹ کے ماضی کے الیکشن پر انگلیاں اٹھنا جمہوری عمل کی کمزوری ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ سینیٹ انتخابات کو ہر لحاظ سے شفاف بنایا جائے۔گور نر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے دور میں تمام شعبوں میںشفافیت اور میرٹ کے لیے جتنا کام ہوا ہے ماضی میں اس کی کوئی اور مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین ناکام ہوں گے اور تحر یک انصاف کی حکومت ملک کو مضبوط اور خوشحال بنانے سمیت تمام اقدامات کو یقینی بنائے گی۔
وزیراعلی سردار عثمان بزدار نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق صوبہ پنجاب ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے ویژن کے عین مطابق عوامی فلاح اور روز گار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں صنعتی ترقی کے لیے خصوصی زونز کے قیام پر کام جاری ہے جس سے ملک اور صوبے میں ترقی کے نئے دور کا آعاز ہو گا۔
سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ وفاقی حکومت سینیٹ الیکشن میں شفافیت پر یقین رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب کی طرح دوسرے صوبوں میں بھی سینیٹ الیکشن میں عددی تناسبت کی بنیاد پر امیدواروں کا چنا ﺅ شفافیت کی طرف مثبت پیش رفت ثابت ہو گی۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہونے والے سینیٹ الیکشن کی شفافیت پر سوالیہ نشان اٹھائے جاتے رہے ہیں۔