راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دشمن ایجنسیاں آپریشن رد الفساد کے نتیجے میں حاصل شدہ فوائد کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہیں، ہمیں ان کے ناپاک ارادوں سے باخبر اور پرعزم رہنا ہوگا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جنوبی اور شمالی وزیرستان کا اہم دورہ کیا۔ کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
اس دورے کے موقع پر فوجی حکام کی جانب سے آرمی چیف کو بارڈر مینجمنٹ، علاقے کے استحکام کے لیے جاری آپریشنز، علاقے کی ترقی سمیت سرحدی راہداریاں کھولنے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ نے جنوبی وزیرستان کے علاقوں آسمان منزہ اور میر علی میں مکمل دن گزارا۔ آرمی چیف نے علاقے میں سول انتظامیہ کی رٹ کے قیام کے لیے افسروں اور جوانوں کے تعاون کو بھی سراہا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاک فوج خطے میں امن واستحکام کیلئے پرعزم ہے۔ پاک فوج قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیتیں بڑھانے کیلئے کردار ادا کر رہی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے میر علی کے قبائلی عمائدین سے بھی ملاقات کی اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں قبائلی عوام کی قربانیوں کو سراہا۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں میں بڑے پیمانے پر امن قائم ہو چکا ہے۔ اب قبائلی علاقوں کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ مقامی آبادی کے تعاون سے مکمل امن بحال کیا جائے گا۔