کراچی: (دنیا نیوز) سندھ اسمبلی سے جنرل نشست پر حکمران جماعت تحریک انصاف کے امیدوار فیصل واوڈا کامیاب ہو گئے ہیں۔
فیصل واوڈا نے سینیٹ کی نشست جیتنے کے بعد جاری بیان میں کہا ہے کہ سب سے پہلے اللہ کا شکر گزار ہوں جبکہ عمران خان کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ شفاف عمل کے تحت سینیٹ الیکشن ہوئے۔ الیکشن کمیشن پر تمام جماعتوں نے اعتماد کا اظہار کیا۔ یہ پہلا الیکشن تھا جس پر کسی پارٹی نے الزام نہیں لگایا۔
خیال رہے کہ اسلام آباد سے جنرل نشست پر پی ڈی ایم کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کامیاب ہو چکے ہیں۔ انھیں اپنے مدمقابل امیدوار عبدالحفیظ شیخ کے مقابلے میں 169 ووٹ ملے۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دے دیا
خیال رہے کہ وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے قومی اسمبلی کی نشست سے استعفی دے دیا۔ پی ٹی آئی رہنما کے وکیل نے استعفیٰ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرا دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے فیصل واوڈا کے خلاف نااہلی کیس کی سماعت کی۔ وکیل فیصل واوڈا نے عدالت نے موقف اپنایا کہ فیصل واوڈا کے خلاف نااہلی کیس غیر موثر ہوچکا ہے۔ فیصل واوڈا پی ٹی آئی ٹکٹ پر سندھ سے سینیٹ کے امیدوار ہیں۔
اس سے قبل فیصل واوڈا نے قومی اسمبلی میں سینیٹ الیکشن کے لئے اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما فیصل واڈا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہ یوسف رضا گیلانی کو زبردست شکست ہوگی، پیپلزپارٹی شرمندگی مٹانے کیلئے کسی اور سینیٹر کو ہٹا کر گیلانی کو سینیٹر بنائیں گے۔