سینیٹ انتخابات:اسلام آباد،سندھ،خیبرپختونخوا اوربلوچستان اسمبلی کےغیرحتمی نتائج

Published On 03 March,2021 04:56 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ انتخابات کیلئے اسلام آباد، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی اسمبلیوں کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج سامنے آ گئے ہیں۔

انتخابی عمل ٹھیک صبح 9 بجے شروع ہوا جو بغیر کسی تعطل کے شام 5 بجے تک جاری رہا۔

قومی اسمبلی

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے عبدالحفیظ شیخ کو پانچ ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔ انہوں نے 169 ووٹ لئے جبکہ حکومتی امیدوار کے حصے میں 164 ووٹ آئے۔ سینیٹ الیکشن میں ٹوٹل 340 ووٹ ڈالے گئے جن میں سے 7 ووٹ مسترد کر دیئے گئے۔

دوسری جانب قومی اسمبلی میں خواتین کی نشست پر تحریک انصاف کی امیدوار فوزیہ ارشد نے 174 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ مسلم لیگ ن کی امیدوار فرزانہ کوثر نے 161 ووٹ لئے، اس انتخاب میں 5 ووٹ ضائع ہوئے۔

 

سندھ اسمبلی

پیپلز پارٹی سندھ سے سینیٹ انتخاب میں 11 میں سے 7 نشستیں اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔ ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کے حصہ میں دو، دو سیٹیں آئیں۔ انتخابی دوڑ میں شامل جی ڈی اے اور ٹی ایل پی کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

سندھ اسمبلی کے ایوان میں موجود 168 میں سے 167 ارکان نے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ شیری رحمان، سلیم مانڈوی والا، تاج حیدر، جام مہتاب اور شہادت اعنوان کامیاب قرار پائے۔

ایم کیو ایم کے فیصل سبزواری اور پی ٹی آئی کے فیصل واوڈا بھی جنرل نشست پر کامیاب ہو گئے۔ بائیس، بائیس ووٹ ہونے پر شیری رحمان اور فیصل سبزواری کے مابین ٹاس پر فیصلہ کیا گیا۔

شیری رحمان ٹاس جیتنے پر سرفہرست قرار پائیں جبکہ وفاق میں اتحادی جماعت جی ڈی اے کے رکن پیر صدر الدین راشدی کو جنرل نشست پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

کامیاب ہونے پر فیصل سبزواری اور فیصل واوڈا نے پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

سندھ سے ٹیکنو کریٹ کی دو نشست پر پیپلز پارٹی کے فاروق ایچ نائیک اور پی ٹی آئی کےسیف اللہ ابڑو سینیٹرز منتخب ہو گئے جبکہ خواتین کی دو مخصوص نشستوں پر پیپلز پارٹی کی پلوشہ خان اور ایم کیو ایم کی خالدہ اطیب
کامیاب ہوئیں۔

خواتین نشستوں پر 4، جنرل پر 6 اور ٹیکنوکریٹ کی نشست پر 3 ووٹ مسترد ہوئے۔ کامیابی پر پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنان نے اسمبلی احاطے میں جشن بھی منایا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بھی امیدواروں کی کامیابی پر مبارکباد دی۔

 

خیبرپختونخوا اسمبلی

تحریک انصاف کے 10 امیدوار خیبر پختونخوا سے جیت گئے۔ جنرل پر شبلی فراز، محسن عزیز، لیاقت ترکئی، فیصل سلیم اور ذیشان خانزادہ، خواتین نشستوں پر فلک ناز چترالی اور ڈاکٹر ثانیہ نشتر، ٹیکنوکریٹ پر دوست محمد اور ہمایوں مہمند کامیاب قرار پائے۔ جنرل نشستوں پر اپوزیشن سے جمعیت علمائے اسلام کے مولانا عطاء الرحمن اور اے این پی کے ہدایت اللہ کامیاب ہوئے۔

 

بلوچستان اسمبلی

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق حکمران اتحاد نے 7 جنرل نشتوں میں سے اپنے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سمیت 5 پر کامیابی حاصل کی۔

ان میں آزاد امیدوار عبدالقادر، بلوچستان عوامی پارٹی سے تعلق رکھنے والے 3 سینیٹرز سرفراز بگٹی، منظور کاکڑ اور پرنس عمر احمد زئی جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے عمر فاروق نے کامیابی حاصل کی۔

پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں نے 2 جنرل نشستوں پر کامیابی حاصل کی جن میں جے یو آئی جے عبدالغفور حیدری اور بی این پی کے قاسم رونجھو شامل ہیں۔

علما وٹیکنوکریٹس کی 2 نشتوں پر جے یو آئی کے کامران مرتضیٰ اور بلوچستان عوامی پارٹی کے سعید ہاشمی نےکامیابی حاصل کی اقلیتی نشست پر بلوچستان عوامی پارٹی کے دنیش کمار کامیاب قرار پائے ہیں۔