اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ٹکٹ پر سینیٹ الیکشن جیتنے والے سابق وزیراعظم سیّد یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) سے چیئر مین سینیٹ الیکشن میں تعاون مانگتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے نو منتخب سینیٹر سیّد یوسف رضا گیلانی سے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے وفد کی ملاقات ہوئی ہے، ملاقات کے دوران سینیٹ الیکشن سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے سیّد یوسف رضا گیلانی نے کہ ہم نے سینیٹ میں الیکشن آئینی طریقے سے لڑا ہے۔ پی ڈی ایم کی طرف سے گزارش کروں گا کہ ایم کیوایم ہمیں سپورٹ کریں۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن کے بعد ملک میں جشن نظرآرہا ہے۔ پی ڈی ایم نے میجورٹی شوکردی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومتی مشیروں نے مشورہ دیا اعتماد کا ووٹ لیں تو 6 ماہ کوئی نہیں چھیڑے گا، بتایا جائے اعتماد کا ووٹ کیوں لینا پڑا، میں نے ان سے اراکین اسمبلی کی قدرکرادی۔ ہمیں جوووٹ پڑے حکومت پرعدم اعتماد تھا، حکومت نے ان پربکاؤمال کا الزام لگایا۔