اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے علی حیدر گیلانی کی ویڈیو سکینڈل کے معاملے پر تحریک انصاف کی درخواست کو سماعت کیلئے مقرر کر دیا ہے۔
الیکشن کمیشن گیارہ مارچ کو علی حیدر گیلانی کی ویڈیو کے معاملہ کی سماعت کرے گا۔
خیال رہے کہ یہ درخواست پی ٹی آئی کی رہنما کنول شوزب اور فرخ حبیب کی جانب سے الیکشن کمیشن میں دائر کی گئی تھی۔
دوسری جانب علی حیدر گیلانی کی ویڈیو سکینڈل کے معاملے پر پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابی عمل کے دوران الیکشن ایکٹ کے آرٹیکل 156، 167 اور 168 کی خلاف ورزی ہوئی۔
فیصل جاوید کا سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں کہنا تھا کہ انتخابی عمل میں غیر قانونی اور کرپٹ پریکٹسز کی سختی سے ممانعت کی گئی۔ امیدوار کو رشوت اور لالچ دیا جانا کرپٹ پریکٹس کے زمرے میں آتا ہے۔
انہوں نے لکھا ہے کہ مریم نواز اور علی حیدر گیلانی الیکشن ایکٹ 2017ء کی سنگین خلاف ورزی کی مرتکب ہوئے۔ مریم نواز کا ٹکٹ کا لالچ دینے کا بیان ان کے خلاف کارروائی کیلئے سب سے بڑا ثبوت ہے۔