اسلام آباد: (دنیا نیوز)پیپلز پارٹی کے نومنتخب سینیٹریوسف رضا گیلانی کو امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ٹیلی فون کر کے چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں حمایت کی یقین دہانی کروا دی۔
بتایا گیا ہے کہ پی ڈی ایم کے نامزدامید وار برائے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کو امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے ٹیلی فون کر کے سینیٹر منتخب ہونے پر مبارک باد دی ،انہوں نے سید یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ چیئرمین کے انتخاب میں حمایت کی یقین دہانی بھی کروائی۔
دوسری جانب سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی بطور سینیٹر کامیابی کا نوٹیفکیشن رکوانے کیلئے الیکشن کمیشن سے رجوع کر لیا گیا۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ دھاندلی کے الزام میں مریم نواز اور علی حیدر گیلانی کیخلاف کارروائی کی جائے، سپریم کورٹ کی واضح ہدایات کے باوجود انتخابات میں جدید ٹیکنالوجی استمعال کیوں نہیں کی گئی، سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل نہ کرنا توہین عدالت ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ علی حیدر گیلانی کی ویڈیو اور مریم نواز کا بیان دھاندلی کا ثبوت ہے، ویڈیو اور بیان پر الیکشن ایکٹ کے تحت کارروائی کر کے سیکشن 167، 168، 170 کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج کیا جائے، انتخابات میں دھاندلی قابل دست اندازی جرم ہے، اس کی انکوائری کی جائے، استدعا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کا بطور سینیٹر کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری نہ کیا جائے۔