اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ کسی دباؤ میں آئے ہیں نہ آئیں گے، اداروں کو کام کرنے دیا جائے، وزیراعظم کے بیان سے دکھ ہوا، ملکی اداروں پر کیچڑ نہ اچھالا جائے۔
الیکشن کمیشن اعلامیے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلوں پر اعتراض ہے تو آئینی راستہ اختیار کریں، ہم کسی بھی دباؤ میں آئے ہیں، نہ آئیں گے، الیکشن کمیشن سینیٹ الیکشن نتائج پر ناراضگی اور تبصرے کو مسترد کرتا ہے۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ یہ حیران کن ہے ایک ہی چھت تلے جو ہار گئے وہ نامنظور اور جو جیت گئے وہ منظور، کیا یہ کھلا تضاد نہیں ؟ آئینی اداروں کی تضحیک ان کی کمزوری کے مترادف ہے۔
الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آزاد آئینی ادارہ ہے، ہمیں کام کرنے دیں، ملکی اداروں پر کیچڑ نہ اچھالیں، خفیہ بیلٹ، جمہوریت اور آزادانہ الیکشن کا حسن ہے، الیکشن کمیشن کا کام قانون سازی یا آئین میں ترمیم نہیں، حکومتی شخصیات کچھ تو احساس کریں، اگر کہیں اختلاف ہے تو شواہد کے ساتھ آکر بات کریں، اگر آپ کی تجاویز سن سکتے ہیں تو شکایات کیوں نہیں۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ سینیٹ انتخابات خوش اسلوبی سے انجام کو پہنچے، سینیٹ الیکشن کے آئین اور قانون کے مطابق انعقاد پر اللہ تعالی کے شکر گزار ہیں۔
یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب میں الیکشن کمیشن پر جمہوریت کو نقصان پہنچانے کا بیان دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے پیسے بانٹنے کی ویڈیو کی تحقیقات کیوں نہیں کیں، ووٹ بیچنے والے مجرموں کو بچالیا، الیکیشن کمیش نے جمہوریت کو نقصان پہنچایا، ویڈیو کی تحقیقات کیوں نہیں کیں۔ الیکشن کمیشن نے ہارس ٹریڈنگ کا موقع دیا۔