کراچی: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کا اتحادی دھڑا صدر الدین راشدی کے ہارنے پر ناراض ہو گیا، جی ڈی اے رہنماوں نے پی ٹی آئی کے ووٹ نہ ملنے کا الزام لگا دیا۔ کہتے ہیں ہمارے 14 اراکین میں سے کوئی بھی نہیں بکا، عمران خان اپنی پارٹی سے کالی بھیڑیں نکالیں، ایکشن لینا ان کا کام، ثبوت وزیراعظم کو بھیج دیئے۔
صدرالدین راشدی کے ہارنے پر جی ڈی اےرہنما ناراض ہوگئے۔ سندھ اسمبلی میں شہر یار مہر اور نصرت سحر عباسی نے دیگر جی ڈی اے رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ جی ڈی اے کے تمام اراکین پارٹی موقف کے ساتھ کھڑے رہے جس کی بنیاد پر ایم کیو ایم اور تحریک انصاف نے سیٹ جیتی لیکن ہم اتنے بیوقوف تھے کہ اپنی سیٹ ہارگئے۔
شہریارمہر نے مزید کہا کہ عمران خان سے کہیں گے کہ اپنی پارٹی میں موجود کالی بھیڑیں دور کریں، جب تک اپنے اندر صفائی نہیں کرینگے تو ملک اور نظام ٹھیک نہیں کرسکتے،جی ڈی اے کے چودہ ممبران میں سے ایک بھی نہیں بکا، قربانی دینی پڑتی ہے اور ہماری ہی قربانی دی جارہی ہے۔ہمارے پاس ثبوت ہیں جو وزیراعظم کو بھیج دیے، ایکشن لینا انکا کام ہے، ہم اپنی جگہ پر ٹکے رہے ۔
نصرت سحر عباسی کا کہنا تھا کہ بے ضمیروں کو بے نقاب کرینگے، وزیراعلی نے جو سرپرائز دینا تھا جی ڈی اے نے وہ روکا۔ جی ڈی اےکا ایک ایک ممبر پیر صاحب کے ساتھ رہا، جو بکےوہ کون ضمیر فروش ارکان تھے، اس کا پتہ لگایا جائے۔