پی ٹی آئی نے سینیٹ میں گیلانی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی درخواست دائر کر دی

Published On 06 March,2021 04:06 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سینیٹ الیکشن میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے پلیٹ فارم سے کامیاب ہونے والے سابق وزیراعظم سیّد یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی درخواست الیکشن کمیشن میں دائر کر دی۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے ساتھ ساتھ علی حیدر گیلانی کو بھی نا اہل قرار دیا جائے، علی حیدر گیلانی نے ویڈیو میں ارکان اسمبلی کو رشوت کی پیشکش کی، پریس کانفرنس میں علی حیدر گیلانی نے اعتراف جرم بھی کیا۔

درخواست میں مزید استدعا کی گئی علی حیدر گیلانی کی طرف سے ووٹ خراب کرنے کی ترغیب بھی دی گئی، الیکشن ایکٹ کی شق 168 کی واضح خلاف ورزی کی گئی، درخواست میں سندھ کے صوبائی وزیر کی جانب سے علی گیلانی کو کی گئی کال کا بھی حوالہ دیا گیا۔

درخواست میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کرپٹ پریکٹسز روکنے میں ناکام رہا، یوسف رضا گیلانی اور علی حیدر گیلانی کرپٹ پریکٹسز میں ملوث ہیں، ن لیگی الزامات پر الیکشن کمیشن نے این اے 75 میں دوبارہ پولنگ کا حکم دیا، تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ تک یوسف گیلانی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکا جائے۔
 

Advertisement