گیلانی کو چیئرمین سینیٹ بنانے، پنجاب میں اِن ہاؤس تبدیلی کیلئے بلاول بھٹو متحرک

Published On 06 March,2021 06:15 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے پلیٹ فارم سے منتخب ہونے والے سینیٹر یوسف رضا گیلانی کو چئیرمین سینیٹ بنانے اور پنجاب میں اِن ہاؤس تبدیلی کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری حکومت کو مزید ٹف ٹائم دینے کے لیے متحرک ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آج رات اسلام آباد سے لاہور پہنچیں گے اور بلاول ہاؤس لاہور میں قیام کریں گے، بلاول کل اپوزیشن پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز سے ماڈل ٹاؤن میں خصوصی ملاقات کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری شہبازشریف کی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن میں دوپہر بارہ بجے پہنچیں گے، ن لیگ بلاول بھٹو زرداری حمزہ شہباز کی رہائی کے بعد پہلی بار ملاقات کےلئے آئیں گے۔ حمزہ شہباز کی جانب سے بلاول بھٹو کو ظہرانہ بھی دیاجائےگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئر مین بلاول بھٹو اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی ملاقات میں چئیرمین سینیٹ، حکومت کے خلاف تحریک، پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی اور لانگ مارچ سمیت دیگر معاملات پر بات چیت کی جائے گی جبکہ بلاول بھٹو زرداری اور حمزہ شہباز ماڈل ٹاؤن میں مشترکہ پریس کانفرنس بھی کریں گے۔

Advertisement