اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ بڑی مچھلیوں کے خلاف میگا کرپشن مقدمات کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
چیئرمین نیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی اربوں روپے کی رقوم برآمد کی جائے گی۔ تمام تحقیقات کو میرٹ، شفافیت، ٹھوس شواہد اور دستاویزی ثبوتوں کی بنیاد پر مکمل کیا جائے گا۔
جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے متعلقہ ڈی جیز کو ہدایت کی ہے کہ وہ تمام میگا کرپشن کیساتھ ساتھ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے کیسز کی تازہ ترین رپورٹ پیش کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ گیلانی اور گیلپ سروے کی رپورٹ کے مطابق 59 فیصد لوگوں نے نیب پر اعتماد ظاہر کیا ہے۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان، عالمی اقتصادی فورم، پلڈاٹ اور مشال نے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے نیب کی کاوشوں کو سراہا ہے۔