نیب: شوکت یوسفزئی سمیت 16 افراد کیخلاف کرپشن انکوائریز کی منظوری

Published On 10 February,2021 05:34 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیب نے خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسف زئی اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری سمیت 16 نئی کرپشن انکوائریز کی منظوری دے دی۔

چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں سابق چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ احمد حیات کے خلاف 21 ارب روپے کا کرپشن ریفرنس دائر کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔

بلوچستان میں صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے میں کرپشن پر بھی 98 کروڑ روپے کا ریفرنس دائر کیا جائے گا۔

سابق رکن قومی اسمبلی جعفر لغاری کے خلاف بھی کرپشن کی تحقیقات ہوں گی۔ اس موقع پر چئیرمین نیب نے کہا کہ بدعنوانی کا خاتمہ اورکرپشن فری پاکستان نیب کی اولین ترجیح ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب احتساب سب کے لئے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ اس کا تعلق کسی سیاسی جماعت، گروہ اور فرد سے نہیں بلکہ صرف اور صرف ریاست پاکستان سے ہے۔

 

Advertisement