اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پلی بارگین کرنے والے ملزمان پر قانون کے مطابق تمام سزائیں لاگو ہوتی ہیں۔ ملزم پلی بارگین کی درخواست میں ناصرف اپنے جرم کا اعتراف کرتا ہے بلکہ لوٹی گی واجب الادا رقم ادا کرتا ہے۔
چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے اپنے بیان میں کہا کہ بدعنوانی تمام برائیوں کی ماں ہے جو کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ نیب کا قیام بدعنوانی کے خاتمے اور بدعنوان عناصر سے لوٹی ہوئی رقم کی وصولی کو قومی خزانے میں جمع کرنے کے لئے عمل میں لایا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ "سب کے لئے احتساب" کی اپنی پالیسی کے ذریعے بڑی مچھلیوں کو گرفتار کیا گیا۔ بدعنوان عناصر سے 487 ارب روپے کی لوٹی ہوئی رقم برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کروائی۔
جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا کہ نیب نے ناصرف سب کا احتساب یقینی بنانے کا وعدہ کیا بلکہ اپنی بلا امتیاز احتساب کی پالیسی پر کامیابی سے عمل کیا۔
انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو کے ہیڈ کوارٹرز کیساتھ ساتھ تمام ریجنل بیوروز کی کارکردگی کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ نیب افسران کی کارکردگی میں بہتری کے لئے ان کی خوبیوں اور خامیوں سے آگاہ کیا جاتا ہے۔