فضل الرحمان کے بھائی ضیاء الرحمان نیب خیبرپختونخوا میں پیش، ڈیڑھ گھنٹے تک پوچھ گچھ

Published On 26 January,2021 02:53 pm

پشاور: (دنیا نیوز) نیب خیبر پختونخوا نے مولانا فضل الرحمان کے بھائی ضیاء الرحمان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں، غیر قانونی بھرتیوں اور اختیارات کے ناجائز استعمال سے متعلق تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا، نیب آفس میں ضیاء الرحمان سے ڈیڑھ گھنٹے پوچھ گچھ کی گئی۔

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بھائی ضیاءالرحمان طلب کرنے پر نیب کے آفس میں پیش ہوئے۔ نیب تحقیقاتی ٹیم نے ضیاءالرحمان سے ڈیڑھ گھنٹے سے پوچھ گچھ کی۔

نیب خیبر پختونخوا مولانا فضل الرحمان کے بھائی اور سابق کمشنر افغان مہاجرین ضیاء الرحمان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں، غیر قانونی بھرتیوں اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی تحقیقات کر رہا ہے۔

میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں ضیاءالرحمان کا کہنا تھا کہ جو سوالات کے کئے اس کے جوابات دے دیئے، تمام ثبوت اور دستاویزات پیش کر دیئے۔