لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ ملزمان نیب کو ہدف تنقید بنانے کی بجائے تمام تر توانائیاں ریفرنسز کے دفاع پر خرچ کریں۔ پاکستان کو کرپشن فری بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔
چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا کہ بدعنوانی کے 1230 ریفرنسز احتساب عدالتوں میں زیر التوا ہیں جن کی مالیت 947 ارب روپے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان مقدمات کی جلد سماعت کے لیے احتساب عدالتوں میں درخواستیں دائر کی جائیں گی اور قانون کے مطابق تمام مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
چیئرمین نیب نے کہا کہ ملزمان نیب کو ہدف تنقید بنانے کی بجائے اپنی تمام تر توانائیاں ریفرنسز کے دفاع پر خرچ کریں۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نیب اب تک لوٹے گئے 714 ارب روپے برآمد کر چکا ہے جبکہ نیب ملک کو کرپشن فری بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔