لاہور: (دنیا نیوز) آشیانہ ریفرنس میں بڑی پیش رفت، احتساب عدالت نے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔ عدالت نے شہباز شریف کو حاضری سے استثنیٰ کالعدم قرار دے دیا۔
احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چودھری نے ریفرنس پر سماعت کی۔ دوران سماعت شہباز شریف کے نمائندے نواز ایڈووکیٹ نے حاضری مکمل کی، جس پر عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ایک ملزم باقی کیسز میں نیب کی عدالتوں میں پیش ہوتا ہے، ملزم اس وقت جیل حکام کی حراست میں ہے اور دوسرے کیسز میں پیش ہوتا ہے، ایسا نہیں ہوتا ملزم ایک کیس میں پیش ہو اور دوسرے میں اس کو استثنیٰ دیا جائے۔
عدالت نے کہا کہ یہ اہم نوعیت کا کیس ہے، اس میں ملزم شہباز شریف پیش ہو۔ عدالت نے شہباز شریف کو 26 جنوری کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے آشیانہ ریفرنس میں 6 گواہوں کے بیانات قلمبند کرلیے اور آئندہ سماعت پر مزید گواہوں کو بیانات قلمبند کروانے کے لیے طلب کرلیا۔ آئندہ سماعت پر عدالت شہباز شریف کی موجودگی میں گواہوں کے بیانات کو قلمبند کرے گی۔
یاد رہے احتساب عدالت نے آشیانہ ریفرنس میں شہباز شریف کی ضمانت منظور ہونے کے بعد 2018 میں حاضری سے استثنیٰ دیا تھا۔