لاہور: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے یوتھ فیسٹیول کرپشن ریفرنس میں سابق صوبائی وزیر رانا مشہود کو نامزد کرتے ہوئے رپورٹ احتساب عدالت میں جمع کروا دی ہے۔
نیب کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رانا مشہود سے تحقیقات جاری ہیں لیکن وہ تعاون نہیں کر رہے۔ 2013ء میں انھیں یوتھ فیسٹیول کی انعقاد کی مکمل ذمہ داری سونپی گئی، انہوں نے غیر قانونی طور وسیم احمد کو ادائیگیوں کے احکامات جاری کیے۔ نیب رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رانا مشہود کے غیر قانونی اقدامات سے قومی خزانے کو 3 کروڑ 15 لاکھ 92 ہزار کا نقصان ہوا۔
ادھر رانا مشہود کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نیب نے یوتھ فیسٹیول کی انکوائری 6 سال کی لیکن میرا کوئی کردار ثابت نہیں کر سکی۔ ایک ادارہ جس معاملے پر تحقیقات کر رہا ہے اس کے برعکس دوسرا کیسے کر سکتا ہے؟
خیال رہے کہ نیب نے سابق ڈی جی سپورٹس بورڈ عثمان انور سمیت سات ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر کر رکھا ہے۔ دیگر ملزمان میں ولایت علی شاہ، سابق ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب سپورٹس بورڈ محمد طارق، ظہور احمد، محمد حفیظ، احسان الحق اور محمد وسیم شامل ہیں۔