اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیب ایگزیکٹو بورڈ نے سابق وزیر لوکل گورنمنٹ سندھ جام خان شورو اور ڈائریکٹربورڈ آف انویسٹمنٹ اسلام آباد عادل کریم کے خلاف ریفرنس دائر کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں اویس مظفر ٹپی کے خلاف انکوائری اور سابق وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال کے خلاف کرپشن تحقیقات کی منظوری بھی دی گئی۔
نیب اجلاس میں رکن سندھ اسمبلی جام خان شورو، ماسٹر کران خان شورو، کاشف شورو ودیگر کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔ ملزمان پر قومی خزانے کو 5 ارب روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔
ڈائریکٹر بورڈ آف انویسٹمنٹ اسلام آباد عادل کریم، سابق کمشنر ان لینڈ ریونیو سکندر اسلم اور دیگر کے خلاف بھی ریفرنس دائر کیا جائے گا۔ ملزمان پرقومی خزانے کو 41 کروڑ 70 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔
بلوچستان حکومت کےلیے ہیلی کاپٹر ایم آئی 171 ای کی پروکیورمنٹ کمیٹی اور دیگر کے خلاف انکوائری بند کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ نیب اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مجموعی طور پر اب تک لوٹی گئی 714 ارب روپے کی رقم برآمد کی جا چکی ہے۔ مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔