لاہور: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کے ضمنی ریفرنس میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ پر فرد جرم عائد کر دی۔
احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چودھری نے ضمنی ریفرنس پر فرد جرم عائد کی۔ احد چیمہ نے صحت جرم سے انکار کیا۔ سابق ڈی جی ایل ڈی اے نے نیب کے الزامات کو مسترد کر دیا۔ عدالت نے نیب کے گواہوں کو شہادتوں کے لیے طلب کرلیا۔ احتساب عدالت نے سماعت 13 جنوری تک ملتوی کر دی۔
یاد رہے نیب حکام کی جانب سے احد چیمہ کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کیا گیا تھا۔