اسلام آباد: (دنیا نیوز) سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ جس ملک میں پارلیمنٹ ڈر جائے، عام آدمی تو کہیں کا نہیں رہے گا، لوگوں کو رسوا کرنے کیلئے نوٹس بھجوائے جا رہے ہیں، نیب جو غلطیاں کر رہا ہے اسے روکا جائے۔
سینیٹ اجلاس میں سلیم مانڈوی والا نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میری لڑائی چلتی رہے گی، جس ملک میں پارلیمنٹ ڈر جائے، عام آدمی تو کہیں کا نہیں رہے گا، بابر اعوان نے بھی مجھے سپورٹ کیا، لوگ میرے پاس آکر کہتے ہیں نیب سے بچائیں، نیب کے متاثرہ افراد ہمارے ساتھ آئیں گے، اب مزید بولیں گے، ہر ہفتے پریس کانفرنس کریں گے۔
سلیم مانڈوی والا کا کہنا تھا کہ حکومت کو نیب کے احتساب پر کیا اعتراض ہے، جب تک نیب والے اثاثے ڈکلیئر نہیں کرتے جدوجہدجاری رہے گی۔
ادھر مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کوئی ججمنٹ پاس نہیں کرسکتی، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی تحقیقات کرسکتی ہے، گزشہ 10 سال میں نیب قانون میں کوئی ترمیم نہیں ہوئی، ہر مسئلے پر اصلاحات کرنے کو تیار ہیں، احتساب عدالت کے دروازے پر موٹا تالا ڈال کر چابی کسی اور کے حوالے نہیں کی جائے گی، کسی بھی فورم پر این آر او نہیں دیا جائے گا۔
بابر اعوان کا کہنا تھا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو تحقیقات کا اختیار ہے، پارلیمنٹ کو اختیار ہے کسی کو بھی طلب کرے، ریکارڈ منگوائے، پی اے سی سرکاری اکاؤنٹ کو چیک کرے گی، پاکستان میں ادارے کبھی چلنے نہیں دیئے گئے۔