اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے آصف زرداری کی نیب ریفرنسز اسلام آباد سے کراچی منتقلی کی درخواستوں پر قومی احتساب بیورو کو نوٹس جاری کر دیا۔ عدالت نے فریال تالپور سمیت تمام ملزمان کو بھی نوٹس جاری کر دیئے۔
جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جائزہ لینا ہوگا سپریم کورٹ نے کن حالات میں ریفرنس اسلام آباد میں دائر کرنے کا حکم دیا، سپریم کورٹ کا 7 جنوری 2019 کا فیصلہ حتمی ہے، عدالتی فیصلے پر عمل روک سکتے نہ ہی اسے تبدیل کر سکتے۔ وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ نیب قانون کے تحت مقدمہ منتقلی کی درخواست دینا قانونی حق ہے، عدالتی حکم سے قانونی حق ختم نہیں کیا جا سکتا۔
جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا کہ فیصلے میں بہت سے الزامات کا ذکر ہے جس کی وجہ سے کیس اسلام آباد دائر ہوا۔ وکیل آصف زرداری نے کہا نیب سے پوچھ لیں کیا وہ الزامات اب بھی برقرار ہیں۔ جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا نیب نے ریفرنس عدالتی حکم پر اسلام آباد میں دائر کیا، کیا آصف زرداری کیخلاف پہلے کبھی ریفرنس اسلام آباد میں دائر ہوا ؟ جس پر وکیل فاروق نائیک نے جواب دیا کہ لاہور اور پنڈی میں ریفرنسز دائر ہوئے، ایک کی سماعت اٹک قلعہ میں بھی ہوئی، ماضی میں تمام مقدمات سے بری ہوئے۔
سپریم کورٹ نے مقدمہ کی مزید سماعت ایک ماہ بعد تک ملتوی کر دی۔