دوبارہ الیکشن کراؤ، دیکھتے ہیں عوام کس کے ساتھ ہیں، آصف زرداری کا بڑا چیلنج

Published On 27 December,2020 07:09 pm

گڑھی خدا بخش: (دنیا نیوز) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان نے ملکی کو معیشت غیر مستحکم کر دیا۔ وزیراعظم ملک پر رحم کریں، حکومت چھوڑ کر دوبارہ الیکشن کا اعلان کریں۔

آصف زرداری کا گڑھی خدا بخش میں ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ان سے ملک نہیں چل رہا، یہ کرکٹ ٹیم چلانے والے لوگ ہیں۔ ملک چلانے والی سوچ ان کے پاس نہیں ہے۔ یہ چل نہیں سکتے، اپنے ہی زور سے گریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بی بی صاحبہ مجھے اور بچوں کو سکھا گئیں تھیں، ہم ہر چیز کا حساب لیں گے مگر جمہوریت کے ساتھ۔ آج بھی میری کوشش ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر آ جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کو مت بتاؤ، کچھ کام ہم سے بھی سیکھ لو۔ مشرف کو صدر ہوتے ہوئے مکھی کی طرح نکال دیا تھا، عمران کیا چیز ہیں۔ ہمیں اپنا طریقہ کار بدلنا ہوگا، جیلیں بھرنا ہونگی۔ یہ حکومت نہیں رہے گی، پھر غریبوں کی حکومت آئے گی۔

آصف زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان سے لے کر ہر جگہ پیپلز پارٹی کا نام لیا جاتا ہے۔ ہر آدمی امید لگائے بیٹھا ہے کہ بھٹو کی پارٹی آئے گی تو خوشحال ہونگے۔ پیپلز پارٹی دور میں ہر چیز سستی تھی۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو بچوں کی پرواہ کیے بغیر جمہوریت کے لیے لڑتی رہیں۔ اسی لیے بلاول نے بھی کہا کہ جمہوریت ہی بہترین انتقام ہے۔ مشرف آج تڑپ رہا ہے لیکن پاکستان نہیں آ سکتا۔ آپ کی کوئی حیثیت نہیں، مشرف کی طرح آپ کی پارٹی بھی ختم ہو جائے گی۔

انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پر رحم کرو، حکومت چھوڑ دو، دوبارہ الیکشن کرا دو۔ دوبارہ الیکشن کراؤ دیکھتے ہیں عوام کس کے ساتھ ہے۔ پی ڈی ایم والے اصل عوام کے نمائندے ہیں۔
 

Advertisement